ملتان (سٹاف رپورٹر) کپاس کی بہتر اور پائیدار پیداوار کے پروگرام کی جانب پیش قدمی کے لئے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان میں وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی جانب سے منظورکئے گئے بی سی آئی پروجیکٹ کا تیسرا اہم اجلاس سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں منعقد ہوا - جس میں بی سی آئی پاکستان صوبائی کوآرڈینیٹرز پنجاب و سندھ اور سی سی آر آئی ملتان کے آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت مشترکہ طور پر سینئر کوآرڈینیٹر بی سی آئی عائشہ صدیق اور صوبائی کوآرڈینیٹر پنجاب ڈاکٹر فیاض احمد نے کی۔ اجلاس کے شرکائسے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فیاض احمد کا کہنا تھا کہ سی سی آر آئی ملتان وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی فراہم کردہ گائیڈ لائن کے مطابق بہتر کپاس محرک پروگرام کو تقویت دینے اور ماحول سے ہم آہنگ کپاس کی پیداوار ی ٹیکنالوجی کے ذریعے کپاس کے کاشتکارووں کو ٹریننگ فراہم کرنے کے لئے بی سی آئی کے ساتھ ملک کر کام کرے گا اور طے شدہ طریقہ کار کی روشنی میں پروجیکٹ کی مقاصد کی تکمیل کے لئے فوری طور پر لائحہ عمل تشکیل دے کر اس پر عملدرآمد کرے گا۔ کاشتکاروں کو ایسی پیداواری ٹیکنالوجی مہیا کی جائے گی جو نہ صرف کم خرچ،ماحول دوست ہو بلکہ کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ بھی ہو سکے ۔