لاہور (خبرنگارخصوصی)ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق کپاس کی فصل اس وقت نازک مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے ۔کاشتکار کپاس کی اچھی پیداوار کیلئے فصل کو آبپاشی کرتے وقت محکمہ موسمیات کی بارش کے متعلق پیشگوئی کو مدِ نظر رکھیں اور پھل پھول آنے پر کپاس کی فصل کو پانی کی کمی نہ آنے دیں اور پانی ترجیحاً شام کے وقت لگائیں۔اس کے علاوہ جڑی بوٹیوں کے موثر تدارک کے لئے گوڈی یا جڑی بوٹی مار زہروں کا استعمال کریں۔اگر کپاس کی فصل کا قد 2 فٹ سے زیادہ ہے تو گلائیفوسیٹ بحساب 1200 ملی لیٹر فی ایکڑ شیلڈ لگا کر سپرے کریں تاکہ کپاس کی فصل سے جڑی بوٹیوں کا تدارک کیا جا سکے ۔جہاں کپاس کا قد چھوٹا ہو وہاں ایک بوری یوریا فی ایکڑ ڈرم میں حل کر کے استعمال کریں اور یوریا کا استعمال اگست کے آخر تک مکمل کر لیں۔ترجمان محکمہ زراعت نے مزید کہا کہ کپاس کی فصل پر پتا مروڑ وائرس کے حملہ کی صورت میں کاشتکار آدھی بوری یوریا15 دن کے وقفے سے استعمال کریں۔