کوئٹہ(92نیوز رپورٹ، صباح نیوز)کوئٹہ میں فاطمہ جنا ح روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 3افراد شہید اور 25زخمی ہوگئے جبکہ سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ہسپتال ذرائع کے مطابق 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔دھماکے میں شہید 3افرادکی لاشیں اور زخمیوں کو فوری سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،دھماکے کے بعد قریبی دکانوں میں آگ لگ گئی۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی شروع کر دی ۔ ذرائع کے مطابق فی الحال دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔پولیس کے مطابق فاطمہ جناح روڈ اور اطراف کے راستوں کو آمد و رفت کیلئے بند کردیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت کوئٹہ شہر اور صوبے کے امن کو خراب کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے آئی جی پولیس کو واقعہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔