نیویارک (نیٹ نیوز) کمپیوٹر میں ’’کٹ، کاپی، پیسٹ‘‘ جیسی اہم جدت لانے والے سائنسدان لیری ٹیسلر 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔لیری ٹیسلر کمپیوٹنگ کی دنیا میں ایک آئیکون کے طورپر جانے جاتے تھے ۔ ان کی کٹ، کاپی پیسٹ اور ’’فائنڈ اینڈ ریپلیس‘‘ جیسی اہم جدت کے باعث پرسنل کمپیوٹر سکھانا اور استعمال کرنا انتہائی آسان ہو گیا۔ ٹیسلر نیویارک میں پیدا ہوئے ، تعلیم مکمل کرنے کے بعدانٹرفیس ڈیزائن یعنی کمپیوٹر کو صارفین کے استعمال کیلئے آسان تر بنانے کے ماہر بن گئے ۔ سٹیو جابز انہیں ایپل میں لے گئے جہاں انہوں نے 17 سال گزارے اور چیف سائنٹسٹ بن گئے ،ایپل کے بعد انہوں نے کچھ وقت ایمازون اور یاہو میں بھی گزارا۔