کیمیکلز کاروبار کیلئے قواعد و ضوابط تشکیل محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب نے ٹریڈ آف کیمیکلز ماڈل بائی لاز تشکیل دے دیئے ہیں۔ ان بائی لاز کے تحت لائسنس نہ لینے کی صورت میں کیمیکل کا کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ہمارے ملک میں کیمیکلز کا کاروبار بغیر کسی قواعد و ضوابط کے ہوتا رہا ہے جس کے باعث بعض لوگ ایسے کیمیکلز بھی فروخت کرتے پائے گئے ہیں جو نہ صرف مضر ہیں بلکہ کسی بھی معاشرے میں ایسے کیمیکلز فروخت کرنے کی قطعاً اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اب دیر آید درست آید کے مصداق پنجاب میں محکمہ لوکل گورنمٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے کیمیکلز فروخت کرنے کے لئے کچھ قواعد و ضوابط بنائے ہیں جن کے تحت کیمیکلز کا کاروبار کرنے والے افراد کوباقاعدہ لائسنس جاری کیا جائے گا۔ بغیر لائسنس کے کوئی شخص کاروبار نہیں کر سکے گا۔ اگر کوئی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا تو اس صورت میں نہ صرف لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا بلکہ کاروبار بھی سربمہرکرکے اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سے یہ فائدہ ہو گا کہ لائسنس یافتہ کے پاس ہر قسم کے کیمیکلز کے بارے حکومت آگاہ ہو گی اور کسی بھی شخص کو ایسے کیمیکلز رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی جو نقصان دہ ہوں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ٹریڈ آف کیمیکلز کے بارے تشکیل پانے والے ماڈل بائی لاز پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ ماضی میں کئی قسم کے بائی لاز بنائے گئے تھے لیکن عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں آج تک ان کا کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔ اس لئے عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا جائے۔