لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے لیے قومی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کی خوشگوار یادوں کے ساتھ میدان میں اترنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نفسیاتی بلاکیج کو توڑنے کی کوشش کرنا ہوگی،جب بلاکیج ٹوٹ گیا تو پاکستان جیتنا شروع کر دے گا۔سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کی بھارت کے خلاف کارکردگی شاندار رہی ہے لیکن ان کی بھارت سے ہار کے بعد یادیں بھی تلخ ہیں، ان ہی تلخ یادوں اور ورلڈکپ میچ کے حوالے سے عاقب جاوید نے نمائندہ جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نفسیاتی بلاکیج کو توڑنے کی کوشش کرنا ہوگی، یہ کیسے ٹوٹے گا اس کا جواب مشکل ہی ملتا ہے اور جب یہ بلاکیج ٹوٹ گیا تو پاکستان جیتنا شروع کر دے گا۔عاقب جاوید نے کہا کہ شارجہ میں ہم جیتا کرتے تھے ۔ تاہم ورلڈکپ میں ہم ہار جاتے ہیں۔، اب جونہی ورلڈ کپ میچ آتا ہے ہم کہتے ہیں کہ یہاں تو ہارنا ہی ہے ، اب ہمیں اس چیز کو ختم کرنا ہو گا جس کے لئے اس مرتبہ کچھ الگ کریں۔عاقب جاوید نے اپنا ذاتی تجربہ بتاتے ہوئے کہا کہ بھارت سے ہارنے سے زیرو تو ہوتے ہی ہیں اور مشکلات بھی بڑی ہوتی ہیں، مجھے یاد ہے کہ بھارت سے 1996 کے ورلڈکپ میں شکست ہوئی تو جب بھارت سے واپس آئے تو بڑے تلخ تجربات ہوئے ، میں دو ماہ گھر سے باہر نہیں نکلا، ٹماٹر اور گندے انڈے پڑے ، اس لیے بھارت سے جیت بہت ضروری ہے ۔