ڈھاکہ( سپورٹس ڈیسک )دورہ پاکستان میں بنگلا دیش کا اپنا سکیورٹی وفد بھی سکواڈ کے ہمراہ ہوگا۔بنگلا دیشی بورڈ اپنے کرکٹر کا حوصلہ بڑھانے میں مصروف ہے ، بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے تربیتی کیمپ کے پہلے روز کرکٹرز سے ملاقات میں انہیں بتایا کہ بنگلہ دیشی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے اہلکار اور ڈی جی ایف آئی بھی سکواڈ کے ہمراہ ہوں گے ۔نظم الحسن نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان سکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے ،انہوں نے اپنے تمام تر سکیورٹی پلان سے ہمیں آگاہ بھی کیا ہے تاہم اس کے باوجود ہمارا اپنا سکیورٹی وفد بھی صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے موجود ہوگا، نظم الحسن نے بتایا کہ میں خود بھی پاکستان میں کھلاڑیوں کو جوائن کر لوں گا، پوری امید ہے کہ کوئی مسائل نہیں ہوں گے ۔یاد رہے کہ پاکستان اور بنگہ دیش کے مابین تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 24 سے 27 جنوری تک قذافی سٹیڈیم،لاہور میں کھیلی جائے گی، سیریز کیلئے دونوں ٹیموں کی جانب سے اپنے اپنے سکواڈز کا اعلان کیا جاچکا ہے ۔