لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے لئے کھلاڑیوں کے انتخاب میں ون مین شو کے تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کیمپ کے لئے کھلاڑیوں کا اعلان مشاورت سے کیا تھا اور اب حتمی ٹیم کے انتخاب میں بھی کپتان سرفراز احمد کی مشاورت شامل ہو گی۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے سلیکٹرز سے مشورے کے بعد ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا تھا لہٰذا ون مین شوکا تاثر غلط ہے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے حتمی ٹیم بناتے وقت کپتان سرفراز احمد کی رائے کو بھی اہمیت دی جائیگی۔ یاد رہے کہ بعض کرکٹ ناقدین کی طرف سے مصباح الحق کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے انتخاب کو ون مین شو قرار دیا جا رہا تھا۔