پشاور( 92نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ الزام کی بنیاد پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سزائے موت کے سیل میں رکھنا ظلم و ناانصافی ہے ، راولپنڈی جیل سے سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت کے حوالے سے جو خبریں آرہی ہے وہ بھی تشویشناک ہیں۔ولی باغ چارسدہ سے جاری اپنے بیان میں اسفندیار ولی نے کہا کہ پرویز مشرف کا بنایا ہوا نیب آج بھی سیاستدانوں کے ضمیر خریدنے اور آواز دبانے کیلئے استعمال ہورہا ہے ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو صرف الزام کی بنیاد پر سزائے موت کے قیدیوں کے سیل میں رکھنا اس نظام کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے ،آج کے حکمران اُس حد تک اپنے سیاسی مخالفین کو اختلافات کے بنیاد پر ٹارچر کریں جتنا وہ کل خود برداشت کرسکیں۔ انہوں نے ایک بار پھر نیب کے کردار پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو نیب پنجاب اور سندھ میں پولیٹیکل انجنیئرنگ کی خاطر الزام کی بنیاد پر گرفتاریاں کررہا ہے اسکو خیبرپختونخوا میں لاڈلوں کی کرپشن نظر نہیں آرہی ۔رانا ثناء اللہ کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ واٹس ایپ کے ذریعے رانا ثناء اللہ کے کیس میں جج تبدیل کرر ہی ہے ۔