کوئٹہ (سٹاف رپورٹر) حکومت بلوچستان کا 1500 کنٹینرز پر مشتمل ایمرجنسی ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ پی ڈی ایم اے کے طبی مرکز میں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی، ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جاسکے گا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت اور گائیڈ لائن کے مطابق حکومت بلوچستان نے کنٹینرز پر مشتمل ہسپتال اور ریلیف اینڈ ایمرجنسی سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا، ہسپتال علاج و معالجے کی تمام جدید سہولتوں آپریشن تھیٹر آئیسولیشن رومز اور ڈاکٹرز اور پیر امیڈکس کی رہائش پر مشتمل ہوگا، کنٹینر ریلیف اینڈ ایمرجنسی مرکز میں رہائشی سہولتیں اور غسل خانے موجود ہوں گے ،ہسپتال اور ایمرجنسی مرکز کو وبائی امراض اور قدرتی آفات کی صورت میں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں منتقل کیا جاسکے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت بلوچستان کے پاس موجود 15سو کنٹینرز کو منصوبے کے لئے بروئے کار لایا جارہا ہے ، کنٹینر اس وقت پی ڈی ایم اے کے پاس دستیاب ہیں، کنٹینرہسپتال کے لئے ڈاکٹراور پیرا میڈکس بھرتی کئے جائیں گے ۔