لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اختر رسول چوہدری نے کھلاڑیوں اور سیاستدانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سب مل کر کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑیں تاکہ بحیثیت قوم کامیابی حاصل کی سکے ۔انہوں نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن سمیت تمام سیاسی قیادت متحد ہوکر کام کریں۔ اس مشکل گھڑی میں سیاسی قیادت کو متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے ۔اختر رسول نے اپیل کی کہ اﷲ اور اس کے رسول کے لئے سیاسی قیادت ہٹ دھرمی چھوڑ کر اتحاد کا مظاہرہ کرے ۔اگر سیاسی قیادت متحد نہ ہوئی تو آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر ایک دوسرے کی مدد کریں۔ انہو ں نے مزید کہا کہ عالمی وبا سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر من و عن عمل کریں تاکہ کرونا کے خلاف جلد ازجلد کامیابی حاصل کی جا سکے اور زندگی واپس معمول پر آ سکے ۔