ترکی اورمتحدہ عرب امارات نے کورونا وبا کے خلاف پاکستان کے ساتھ مل کر جنگ لڑنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عہد کیا۔دبئی کے ولی عہد پاکستان کیلئے ہمیشہ نرم گوشہ رکھتے ہیںانہوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی ہر ممکن مدد کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو اقتدار میں آنے کے بعد شدید مالی بحران سے نکلنے میں بھرپور مدد کی۔ اس کے علاوہ پاکستانیوں کی کثیر تعداد متحدہ عرب امارات میں کام کرکے قیمتی زرمبادلہ پاکستان بھیجتی ہے۔ ولی عہد شیخ محمد نے نہ صرف کورونا کے خلاف جنگ میں بھرپور تعاون کرنے بلکہ امارات میں قید پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو عام معافی کا اعلان کرکے پاکستان بھجوایا ہے۔ اس کے علاوہ ولی عہد محمد بن النہیان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اپنی گہری تشویش کا بھی اظہار کیا ہے۔ متحدہ امارات کے علاوہ ترک صدر طیب اردوان نے بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترک صدر نے او آئی سی میں ہندوستان کے بھارتی مسلمانوں سے متعصبانہ رویہ کے خلاف قرارداد منظور کروانے میں بھرپور کوشش کی تھی۔بہتر ہو گا حکومت اقوام متحدہ کے ساتھ برادر اسلامی ممالک کو بھی مودی کے اسلام دشمن ایجنڈے سے آگاہ کرے اور اسلامی دنیا کا بھرپورتعاون حاصل کرے تاکہ عالمی برادری پر دبائو بڑھا کر بھارت بالخصوص کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف بھارتی مظالم کو بند کروایا جا سکے۔