لاہور، کراچی، اسلام آباد( نمائندہ خصو صی سے ،سٹاف رپورٹر، خبر نگار خصو صی،92 نیوز رپورٹ، نمائندگان92 نیوز، نیوز ایجنسیاں) متحدہ اپوزیشن کے مہنگائی مکاؤ لانگ مارچ کے قافلے شہر اقتدار کی جانب چل پڑے ۔ جگہ جگہ استقبال اورکارکن حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ،کراچی، پشاور، ڈیرہ اسماعیل، ٹانک ،جنوبی اضلاع، کوئٹہ سمیت مختلف شہروں سے اپوزیشن کے قافلے مقامی رہنماؤں کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں۔مسلم لیگ ن کے نائب صدور مریم نواز اور حمزہ شہباز کی قیادت میں مہنگائی مکاؤ لانگ مارچ ماڈل ٹاؤن لاہور سے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوا، آج مہنگائی مکاؤ مارچ گوجرانولہ سے اسلام آباد روانہ ہوگا۔ قبل ازیں مارچ کے آغاز کے سبب فیروز پور روڈ پر بدترین ٹریفک جام رہی،سیف الملوک کھوکھر جوہر ٹائون میں اپنی رہائش گاہ کھوکھر پیلس سے 5 ہزار سے زائد پارٹی کارکنوں کی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے ماڈل ٹائون پہنچے ، 3 بکروں کا صدقہ دیا۔ لیگی قیادت کی حفاظت کے لئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ۔ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز اور مریم نواز کے الگ الگ بم پروف گاڑیوں میں سفر کرنے کا پروگرام ترتیب دیا گیا ۔ لاہور سے جمعیت علمائاسلام (ف) کا مہنگائی مارچ مینار پاکستان چوک سے مولانا محمد امجد خان اور مولانا نعیم الدین کی قیادت میں روانہ ہوا ۔ اپوزیشن رہنما جگہ جگہ کارکنوں سے خطاب اور حکومت پر تنقید کر تے رہے ، اپوزیشن جماعتوں کالانگ مارچ کل شام پشاور موڑ جی نائن پہنچے گا، جہاں جلسہ کیا جائیگا۔علاوا زیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے عوام سے مہنگائی مکائو مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد محمد نوازشریف کی کال پر سب اپنے گھروں سے نکلیں اور مہنگائی کا عذاب نازل کرنے والوں کو آخری دھکا دیں ،مہنگائی مکائومارچ عوام کو ہر روز کی مہنگائی سے نجات دلائے گا، عوام جان لیں، وہ نہ نکلے تو نا اہل شخص پورا پاکستان کھا جائے گا ۔ مولانا فضل الرحمن نے ہکلہ کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ حکومت ایک ٹمٹماتا چراغ ہے ، ایک پھونک مارنے کی ضرورت ہے ،حکومت ختم ہو جائے گی، جلد قوم یوم نجات منائے گی ۔ مریم نواز نے مہنگائی مکائومارچ کے دوران 92نیوزسے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ قوم کو مبارک باد دینا چاہتی ہون کہ اس نا اہل اور نا لائق شخص سے جان چھوٹنے والی ہے ، عمران خان ایک دن جیل برداشت نہیں کرسکتا،اب انہیں خدا حافظ کہنے جارہے ہیں، پنجاب کی عوام کی بزدار سے بھی جلد جان چھوٹ جائے گی،مجھے لگتا ہے عمران خان آج استعفیٰ دیں گے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ راستے میں عوام کا جمع غفیرہے ، ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، ان کو بھاگنے نہیں دیں گے ۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مہنگائی مکائو لانگ مارچ سے عمران خان کا اقتدار ختم ہو گا ۔ رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے نا اہل ٹولے کا یوم حساب آ گیا۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہاہے کہ جلد استعفیٰ آ جائے گا۔دوسری جانب مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جلسے کے انتظامات مکمل کر لیے ،ہم تصادم نہیں چاہتے لیکن اگر مداخلت کی گئی تو نمٹ لینگے ۔ پارا چنار (مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان اب تھوڑا سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کریں اور مقابلہ کریں، جلسہ جلسہ نہ کھیلیں، اگر172 بندے نہیں لاسکتے تو بنی گالا جاکر بیٹھیں،قومی اسمبلی میں 172 ارکان لے آئیں انہیں وزیر اعظم مان لیں گے ۔پاراچنار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیں دھمکیاں اور پیٹھ پیچھے معافیاں مانگ رہے ہیں، یہ جھوٹ بولنا بند کردیں ورنہ ہم سچ بولنے پر مجبور ہوجائیں گے ، یہ پہلے نیوٹرل پر تنقید کررہا تھا اور اب نیوٹرل پر معافی مانگ رہا ہے ، عمران خان جنگل کا قانون چاہتے ہیں لیکن ہم اجازت نہیں دیں گے ، کوئی ادارہ ایک شخص کیلئے خود کو متنازع نہیں بنائے گا۔دریں اثنابلاول بھٹو زرداری نے پاراچنار میں طوری بنگش قبائل کے مشیران سے ملاقات کی، پشاور امام بارگاہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے بھی تعزیت کا اظہار کیا ۔