کراچی ( سٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتارکاروباری شخصیت اقبال زیڈ احمد کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کردیا،عدالت نے اقبال زیڈ احمد کا ذاتی معالج سے طبی معائنہ کرانے کا بھی حکم دے دیا۔ درخواست گزار نے درخواست کے ہمراہ چیئرمین نیب کا ہدایت نامہ بھی منسلک کیا جس میں تحریر تھا کہ نیب کاروباری شخصیات کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کرے گا،عدالت نے نیب کی اس تحریر پر ریمارکس دیئے کہ ایک طرف ہم روز چئیرمین نیب کی پریس کانفرنس سنتے ہیں، دوسری طرف یہ ہدایت نامہ، عدالت نے استفسار کیا کس الزام میں اقبال زیڈ احمد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ نیب حکام نے بتایا وہ منی لانڈرنگ میں ملوث اور ریمانڈ پر ہیں۔ اعتزازاحسن ایڈووکیٹ نے کہااقبال زیڈ احمد کو لاک اپ میں رکھا گیا ہے ، وہ عمر رسیدہ اورشدید علیل ہیں،چئیرمین نیب کے ہدایت نامے کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے ،نیب پراسیکیوٹرنے بتایا ملزم کو آرام دہ بستر فراہم کیا ہے ۔