لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں عوامی خدمت اور ترقی کا سفر جاری رہے گا، صوبہ میں 72 لاکھ خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ دیدئیے گئے ۔گورنر ہاؤس میں گجرات، منڈی بہاؤالدین ا ور لاہور کے اضلاع کے لئے صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہاکہ مالی دشواریوں کے باوجود ہیلتھ سیکٹر کے لئے 277ارب روپے مختص کئے ،ہیلتھ میں 28ہزار بھرتیاں کیں ان میں 12ہزار ڈاکٹر بھی شامل ہیں،سپیشل افراد، صحافی، ملازمین، علمائے کرام، خطیب،مدارس کے طلبہ اور ٹرانس جینڈر سمیت معاشرے کے دیگر طبقات بھی صحت انصاف کارڈ کے ذریعے مفت علاج کی سہولت حاصل کریں گے ۔ ،وزیراعلیٰ نے کہاکہ لاہور میں گزشتہ 30سال کے دوران کوئی نیا جنرل اور40سال کے دوران امراض قلب کا کوئی نیا ہسپتال نہیں بنایا گیا،ہم لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا فیز IIاور گنگارام میں 600بیڈز کا مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنائیں گے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے کاہنہ کے علاقے میں ڈور پھرنے سے ڈولفن اہلکار کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے افسوسناک واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے ،وزیراعلیٰ نے غفلت کے ذمے داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے ،وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پابندی اور سخت ہدایات کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔قبل ازیں انہوں نے اٹک کے قریب ٹریفک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی و تحریک انصاف کے سینئر رہنمانعیم الحق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ نعیم الحق پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے ،پارٹی ایک مخلص اور دیرینہ ساتھی سے محروم ہو گئی ہے ۔وزیراعلیٰ آج نمازجنازہ میں شرکت کیلئے کراچی جائیں گے ۔