اسلام آباد، حافظ آباد( خبر نگار خصوصی ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے میں آلو، ٹماٹر کی قیمت جاننے کیلئے سیاست میں نہیں آیا، نوجوانوں کو ایک قوم بنانے کیلئے سیاست میں آیا، ہم نااہل ہوتے تو دنیا ہماری پالیسی کی تعریف نہ کرتی، حکومت گرانے کیلئے تین چوہے نکلے ہیں یہ خود شکار ہونگے ۔ حافظ آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تحریک انصاف نے جو کام کئے وہ70سال میں نہیں ہوئے ، مجھے سیاست میں آنے کی ضرورت نہیں تھی کہ جو کچھ میں چاہتا تھا وہ مجھے مل چکا تھا لیکن میں صرف نوجوانوں کے مستقبل کی خاطر سیاست میں آیا، جب میرے پانچ سال پورے ہوجائیں گے تو وعدہ ہے جتنا کام ہم نے کیا ہوگا پانچ سال میں اتنا کام کسی حکومت نے نہیں کیا ہوگا، ہماری حکومت نے ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا، پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں10روپے ، بجلی کی قیمت 5روپے کم کردی،پاکستان میں پورے خطے میں سب سے سستا پٹرول ہے ، ٹیکس کا پیسہ ملتارہے گا توقوم پر خرچ کرتے رہیں گے ،کوروناکے دوران بھی پاکستان کی معیشت5.6فیصد بڑھی جس پر سب دنگ رہ گئے ،ہم نااہل ہوتے تو دنیا ہماری پالیسی کی تعریف نہ کرتی،میرا ایمان ہے پاکستان عظیم ملک بننے جارہاہے ،لیڈر کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکتا،صدر ٹرمپ نے مجھے عزت دی کیونکہ اس کو پتہ تھامیں دونمبری نہیں کرتا،ہماری بدقسمتی دیکھیں ہمارا وزیراعظم امریکی صدر سے ملتا ہے توکانپیں ٹانگ رہی ہوتی ہیں، ہاتھ میں پرچی ہوتی ہے ، کہیں منہ سے کچھ غلط نہ نکل جائے ،یورپی یونین پر تنقید کی تو سب کی کانپیں ٹانگ گئیں،میں نے یورپی یونین پر صحیح تنقید کی،میں نے کہا کیا آپ میں بھارت کو بھی خط لکھنے کی جرات ہے ،فضل الرحمن ، شہباز شریف اور بلاول کہتا ہے عمران خان نے پاکستان پر ظلم کردیا،میں ان سب سے بہتر مغرب کو جانتا ہوں، جو ان کے جوتے پالش کرتے ہیں وہ انکو حقارت سے دیکھتے ہیں، جو اپنی قوم اور ملکی مفاد کیلئے کھڑے ہوتے ہیں، مغرب بھی ان کی عزت کرتا ہے ، پاکستان میں گزشتہ 10سال کے دوران 400سے زائد ڈرون حملے ہوئے ،آصف زرداری اور نوازشریف نے مذمت تک نہیں کی،میں نے باربار ان کی مخالفت کی اور دھرنے دیئے اورکہا ڈرون حملے انسانی حقوق کیخلاف ہیں، یورپی یونین سفیروں نے مجھ سے کہاڈرون حملوں کی کیوں مخالفت کررہے ہو،وہ تودہشتگرد مار رہے ہیں؟ میں نے کہا لندن میں 30 سال سے ہمارا ایک دہشتگردبیٹھاہے ،ہم کہتے ہیں لندن میں بیٹھا دہشتگرد ہمیں دو آپ کہتے ہیں عدالت میں ثابت کریں، میں نے کہا ہمیں اجازت دیں گے ڈرون اٹیک کرکے اسے لندن میں ماردیں؟ اگرآپ اجازت نہیں دیں گے اور کوئی مہذب معاشرہ اسکی اجازت نہیں دیتا، تو کیا ہم آپ کے کمی ہیں کہ آپ یہاں ڈرون ماررہے ہیں؟دنیا سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں مگر پاکستان کے مفادات پرسمجھوتہ نہیں کرینگے ،نظریے کے بغیر کوئی قوم نہیں بنتی،نظریے سے ہٹنے والی قوم تباہ ہوجاتی ہے ،ہم نے عظیم قوم بننا تھا مگر نہیں بن پائے ،جاگ پنجابی جاگ ، سندھو دیش،بلوچستان کی آزادی کی تحریک یا پختونستان، جبتک یہ نعرے نہیں چھوڑیں گے ہم ایک قوم نہیں بن سکتے ، میں نے فیصلہ کیا قوم کی تربیت کیلئے رحمت للعالمینؐ اتھارٹی بناؤں اور قوم کو بتاؤں نبی کریمؐ کی زندگی کیا تھی، انہوں نے مدینہ کی ریاست میں تمام مذاہب کو جمع کیا جس میں مسلم بھی تھے اور غیر مسلم بھی جو ایک نظریے پر جمع ہوئے ، مدینہ کی ریاست میں لوگ اچھائی کیساتھ اور برائی کیخلاف تھے ،25 سال سے قوم کو تبلیغ کررہا ہوں اگر عظیم بننا ہے تو اچھائی کا ساتھ دیں، احتساب کے ڈر سے سارے چور اکٹھے ہورہے ، ریاست گرانے کیلئے لوگوں کا ضمیر خریدنے کی کوشش ہورہی ،کوئی پیسے کے زور پر حکومت گرانے کی کوشش کرے تو قوم مقابلہ کرتی ہے ، قوم ظلم اور کرپشن کیخلاف کھڑی نہیں گی ہو تو یہ بڑھ جائے گی،کرپٹ افراد کیخلاف آواز اٹھانا عدلیہ اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ۔وزیراعظم سے تحریک انصاف حافظ آباد کی مقامی قیادت نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور ضلع کی تعمیر و ترقی سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔تمام سیاسی قائدین نے وزیراعظم کی قیادت اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے تقریباً 25ارب کی لاگت سے مکمل ہونے والے 400بیڈز پر مشتمل جدید ڈی ایچ کیو ہسپتال، یونیورسٹی آف حافظ آباد اور گوجرانوالہ تا براستہ حافظ آباد کوٹ سرور روڈ کی تعمیر کا افتتاح بھی کیا۔قبل ازیں بنی گالہ میں وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس ہوا ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی، قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے سے متعلق حتمی مشاورت کی گئی،شرکا کو ناراض پارٹی ارکان سے رابطوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا مخالفین کو عوام کی نہیں، اپنے کرپشن مقدمات کی فکر ہے ۔