لاہور،کراچی،راولپنڈی ،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،رپورٹر92نیوز ، خبر نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر لاہور سمیت ملک بھر میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے ،شرکا نے کمرتوڑ مہنگائی و بے روزگاری کیخلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور زبردست نعرے بھی لگائے ۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ملکی معیشت اور اداروں کو برباد کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی،حکمران اشرافیہ کا یوم حساب قریب آ گیا، وزیراعظم بتائیں ایک کروڑ نوکریاں کس کو دیں اور پچاس لاکھ گھر کہاں تعمیر کیے ؟ عوام مزید مہنگائی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے ۔ قبل ازیں امیر جماعت نے انٹرنیشنل پلیئرز کے اعزاز میں ناشتہ کی تقریب میں شرکت کی ۔ انہوں نے مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے یہ مطالبہ دہرایا کہ مزدور کی کم از کم تنخواہ میں مزدور تنظیموں کے مطالبات کے مطابق اضافہ کیا جائے ۔امیر جماعت نے الیکشن آفس ، آغوش سنٹر کا افتتاح کیا ۔ لاہور میں مظاہروں کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد اور دیگر علاقوں کے قائدین نے کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے وحدت روڈ منصورہ ڈگری کالج کے باہر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کی صورت میں ملک پر مہنگائی کا عذاب مسلط ہے ، لوگ بھوک اور فاقوں پر مجبور ہیں ۔کراچی میں 100سے زائد مقامات مظاہرے کئے گئے ، مرکزی مظاہرہ مسجد بیت المکرم،گلشن اقبال کے سامنے ہوا جس سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب کیا ۔ اسلام آباد ،راولپنڈی کے مختلف مقامات پر بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں جماعت اسلامی کے کارکنان سمیت سینکڑوں شہریوں نے شر کت کی۔