قصور، حبیب آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نما ئندہ 92نیو ز) پتوکی میں ریلوے لائن لنڈا بازار پھاٹک پر کار ٹرین کی زد میں آگئی، 2 نوبیاہتا جوڑے جاں بحق اور 2 افراد شدید زخمی ہو گئے ، ذرائع کے مطابق پتوکی میں ریلوے لائن پر کھلا پھاٹک دو نو بیاہتا جوڑوں کی موت کا سبب بن گیا، کھلے پھاٹک پر کار کراچی سے لاہور آتی خیبر میل کی زد میں آگئی، ٹرین ٹکر سے کار کے پرخچے اُڑ گئے اور اس میں سوار چار افراد موقع پر جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے ، جاں بحق ہونے والوں میں چک گہلن کے رہائشی دو سگے بھائیوں سرفراز اور حماد اور ان کی دلہنیں ثمرین اور کرن شامل ہیں، یہ سب ڈ ھولن چک 7سے گہلن چک 9 جار ہے تھے ، دونوں جوڑے مارچ میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے تھے ، حادثہ گیٹ مین کی غفلت کے باعث پیش آیا ، گیٹ مین نے ٹرین پتوکی سٹیشن پر 15 منٹ رکنے کے باوجود پھاٹک بند نہ کیا، بدقسمت دونوں بھائیوں کی کار کو خیبر میل کئی کلومیٹر دور تک گھسیٹ کر دور لے گئی، لنڈا پھاٹک پر حادثات معمول کی بات ہے مگر ریلوے احکام نے تاحال اس کا نوٹس نہیں لیا ، 2 زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال پتوکی منتقل کر دیا گیا۔ ورثا نے بھٹی ہوٹل بائی پاس پر احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کردیا اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، تاہم ڈی ایس پی پتوکی کی یقین دہانی پر انھوں نے احتجاج ختم کر دیا۔ ریلوے کے تین ملازمین کے خلاف تھانہ صدر پتوکی میں مقدمہ درج کر کے ایک ملازم کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے ، چاروں افراد کی نمازہ جنازہ کے بعد ان کو مقامی قبرستان میں دفن کر دیا گیا۔ مقدمہ حادثے میں جاں بحق شخص کے والد کی مدعیت میں درج کیاگیا،مدعی کے مطابق جب کارپھاٹک کے پاس پہنچی تو پھاٹک کھلاہواتھا،میرے بیٹے نے پھاٹک کھلادیکھ کرگاڑی آگے بڑھائی توٹرین کی زدمیں آگیا،حادثہ محکمہ ریلوے اوراسکے ملازم کی غفلت کے باعث پیش آیا کارروائی کی جائے ۔