اسلام آباد (سٹاف رپور ٹر،92 نیوز رپورٹ، نیٹ نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں)سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت آج ہوگی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کاجسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی خصوصی بنچ سماعت کریگا۔نوازشریف نے حاضری سے استثنیٰ کیلئے دو متفرق درخواستیں دائر کر دی ہیں جن میں موقف اختیار کیا کہ بیماری اور بیرون ملک علاج کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو یقین دہانی کرائی کہ ڈاکٹرز نے صحت یابی کے بعد اجازت دی تو پہلی فلائٹ سے پاکستان آؤنگا۔ کورونا کے بعد لاک ڈاؤن کی وجہ سے برطانیہ میں علاج مکمل نہیں ہو سکا۔ ضمانت میں توسیع کیلئے کئی دستاویزات فراہم کیں لیکن پنجاب حکومت نے پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کردی۔نوازشریف نے ضمانت میں توسیع کے معاملہ کی وضاحت بھی کر دی، بتایا کہ وکیل نے مشورہ دیا عدالت میں خود پیش ہوئے بغیر بیرون ملک سے پنجاب حکومت کا فیصلہ چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔ خواجہ حارث اور منور اقبال دگل ایڈووکیٹ کے ذریعے نواز شریف کی 26 جون کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرا ئی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونیکا فیصلہ کرلیا ،وہ آج مری سے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچیں گی۔تاہم مریم نواز ، کیپٹن(ر) صفدر کے وکیل امجد پرویز نے ایون فیلڈ ریفرنس اپیل کیس ملتوی کرنے کی درخواست دائر کردی جس میں موقف اختیار کیاکہ5 ستمبر تک چھٹیوں پر ہوں،اسکے بعد کیس سماعت کیلئے مقرر کیا جائے ۔دوسری جانب نیب نے نوازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کافیصلہ کیا ہے ۔نیب پراسیکیوٹرزجہانزیب بھروانہ اورسردارمظفرعباسی عدالت میں پیش ہوکر موقف اپنائینگے کہ نوازشریف مفرورہیں، حاضری سے استثنیٰ نہیں دیاجاسکتا۔ غیرحاضری پرسزاکیخلاف اپیلیں مستردکی جائیں۔ نوازشریف کی ایون فیلڈریفرنس میں سزابرقراررکھی جائے جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں انکی سزابڑھائی جائے ۔ مریم نواز کی متوقع پیشی کے پیش نظراسلام آباد پولیس نے سکیورٹی پلان جاری کردیا۔ایس پی صدر اور ایس پی آئی نائن سکیورٹی کی براہ راست نگرانی کرینگے ۔2ایس پیز سمیت 560پولیس اہلکار سکیورٹی پر مامور ہونگے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے اطراف 500میٹر کے علاقے کو سیل کیا جائیگا۔نلیگی کارکنوں کی جانب سے مزاحمت کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے واٹر کینن بھی موجود ہو گی۔