کراچی (سٹاف رپورٹر) پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کی گورنرہاؤس آمد پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے انہیں خوش آمدید کہا ۔اس موقع پر گورنرسندھ نے ڈیرن سیمی سے درخواست کی کہ وہ اپنی آمد کو تاریخی بنانے کے لئے گورنرہاؤس میں پودا لگائیں، ڈیرن سیمی نے گورنرسندھ کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے گورنرہاؤس میں پودا بھی لگایا ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی پی ایس ایل میں شرکت اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان با الخصوص کراچی میں امن و امان کی بہتر صورتحال ہے یہاں بین الاقوامی کرکٹ واپس آنا شروع ہوگئی ہے ۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ انھیں پاکستان باالخصوص کراچی آنے کی بے حد خوشی ہے اور اس سے قبل بھی وہ یہاں کا دورہ کرچکے ہیں یہاں کے لوگ مہمان نواز اور پیار کرنے والے ہیں ۔ڈیرن سیمی نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت سے وہ متاثر ہیں یہاں کے پکوان بھی بہت لذیز ہیں خاص طور پر بریانی ان کو بہت پسند ہے ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈیرن سیمی نے کہا کہ جیت جس کسی بھی ٹیم کی ہو آخرمیں کرکٹ کی اور پاکستان کی ہی جیت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ روز بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار کا دورہ بھی کیا تھا جہاں لوگوں نے مجھے دیکھ کر اپنی خوشی کا اظہار کیا ۔بعد ازاں ڈیرن سیمی نے گورنرہاؤس میں موجود قائد اعظم محمد علی جناح سے وابستہ اشیائبھی دیکھی ۔