لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ آسٹریلیا پر گئی ہوئی قومی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹونٹی سیریزمیں شکست کے بعد اب آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے تیاری شروع کردی ہے ۔ پاکستان سے کپتان اظہر علی کی قیادت میں آسٹریلیا جانے والے دس کھلاڑیوں نے آسٹریلیا میں پہلے سے موجود ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر ہیڈ کوچ مصباح الحق کی نگرانی میں ٹریننگ سیشن کیا۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور ٹیسٹ سکواد کے کپتان اظہر علی نے ٹریننگ سیشن سے قبل کھلاڑیوں کو لیکچر دئے اور ٹیسٹ سیریز کے دوران ہر کھلاڑی کو اس کے رول سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ سیریز کے دوران اپنی سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ کھلاڑیوں نے سیشن مین گراؤند فیلڈنگ کے علاوہ نیٹس میں بیٹنگ اور باؤلنگ کی پریکٹس کی۔ باؤلنگ کوچ وقار یونس نے باؤلرز کو لائن اینڈ لینتھ بہتر کرنے کے لئے ٹپس دیں جبکہ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے بیٹسمینوں پر توجہ دی۔ یاد رہے کہ پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی جبکہ سیریز سے قبل دو ٹور میچ بھی کھیلے جائیں گے ۔ قبلا زیں قومی ٹیم کو تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں دو صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔