کراچی ، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، وقائع نگار) بانی پاکستان قائداعظم ؒکی72 ویں برسی کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، پاک بحریہ کے بگلرز نے ماتمی دھن بجا کر عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کیا اور سلامی دی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے ۔تقریب کے بعد صدر مملکت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کورونا وائرس کے دوران ڈاکٹروں اور مخیر حضرات نے بیڑہ اٹھایا، حکومتوں نے غریبوں کی احساس پروگرام کے ذریعے فکر کی، علما، میڈیا سب مل کر قوم کو کورونا وائرس سے متعلق آگاہی دیتے رہے ، کورونا پر قابو پانا بھی قوم کی انوکھی کامیابی ہے ، تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان سے متعلق کہا جا رہا کہ اس قوم سے کچھ سیکھا جاسکتا ہے ، دنیا کی بہتر قوموں میں اپنا نام لکھوانے کیلئے پاکستانی قوم بالکل تیار ہے ، عالمی برادی میں اپنا مقام بنانے کیلئے ہمیں محمد علی جناح ؒکے افکار پر عمل کرنا ہوگا۔ دریں اثنا قائد اعظم کے یوم وفات پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پوری قوم قائداعظم محمدعلی جناح کوخراج عقیدت پیش کرتی ہے ، آئی ایس پی آر کے مطابق بابائے قوم کی قیادت میں پاکستان خودمختارریاست کے طورپرابھرا، قائداعظم کے روشن،پرامن،ترقی یافتہ پاکستان کاوژن ہمارامقصدہے ، اس مقصدکومل کرضرورحاصل کرینگے ،انشائاللہ۔ کراچی(سٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے تعاون سے تین سال میں کراچی کے مسائل حل کئے جائیں گے ۔کراچی پیکیج پر کسی کو شبہ نہیں ہوناچاہئے ۔مربوط تعاون سے 1100ارب روپے کے پیکیج پرعملدرآمد سے صورتحال میں بہتری آئے گی۔گزشتہ روزصدرمملکت نے گورنراور وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ میڈیاسے گفتگو میں کہا کہ اللہ کی رحمت اور بحیثیت قوم کوششوں کے باعث کورونا وبائپر قابو پانے میں کامیاب رہے ۔صدرمملکت نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومت کو عوام کے مسائل کے حل کیلئے تین سال یہ مربوط تعاون برقرا ر رکھنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے احساس پروگرام کے ذریعے غریبوں کی مدد کی ،ملک کے مخیر حضرات نے بھی اس مشکل صورتحال میں اپنا حصہ ڈالا۔ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس سٹاف نے ہمت کا مظاہرہ کیا،علمائکرام اور میڈیانے عوام میں آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار اداکیا۔انہوں نے کہاکہ مختلف ممالک میں یہ آرائپائی جارہی ہے کہ پاکستانی قوم سے بہت کچھ سیکھا جا سکتاہے ۔پاکستانی قوم دنیا کی کامیاب قوموں میں شامل ہونے کیلئے تیارہے ۔سب متحد ہوکر قائداعظم کے خواب کی تکمیل کیلئے اس ملک کو بنانے کی جدوجہد کریں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ کسی ملک سے پیچھے رہ جائیں ۔