اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ میں پی بی 48 میں دوبارہ انتخابات کے حکم کے خلاف اکبر اسکانی کی اپیل کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس فیصل عرب نے کہا ہے کہ کیا صرف دھاندلی کا کہنے سے الیکشن ختم ہوجائیں گے ،کیا عدالت کسی کے کہنے پر الیکشنز ہی ختم کردے ۔معاملہ کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔دوران سماعت درخواستگزار کے وکیل ریاض احمد نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ دھاندلی سے متعلق نادیہ نامی خاتون کا بیان ریکارڈ پر ہے ۔جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ الیکشن کے خلاف درخواست دیتے ہوے تمام ایشوز کو سامنے رکھنا چاہیے ،کیس میں اٹھایا جانے والا سوال اہم ہے آ سان نہیں ،منتخب ہونے والے کو کام کرنا چاہیے نہ کہ دیکھتا رہے اب کس نے درخواست دے دی ،عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کرنے سمیت اس جیسے ایک اورمعاملہ جس میں ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے حلقے میں دو بارہ انتخابات کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی کو بھی دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دیا ۔