’ٹک ٹاک‘ کے نام سے چائنیز کمپنی کی متعارف کردہ ایپلی کیشن آج دنیابھر میں مشہور ہو گئی ہے۔ یہ موبائل ایپ صارفین کو مختصر ویڈیو بنانے کی سہولت دیتی ہے، جو 15 سے 60 سیکنڈ تک ہو سکتی ہے۔ اِس ایپ کے ذریعے صارفین اپنی ویڈیوز پر منفرد فلٹرز اوراسٹیکرز لگا سکتے ہیں اور وہ تمام ترامیم کر سکتے ہیں جو ایک عام ’ویڈیو ایٹڈنگ‘ ایپلی کیشن کے ذریعے کی جاسکتی ہیں۔ تاہم اِس کا سب سے شاندار فیچر کسی فلم کے مکالمے، محاورے یا کسی بھی ایسی آواز کو اپنا بنا لینا ہے جو وائرل ہو گئی ہو۔ اِن ویڈیوز پر دیکھنے والے صارف ’دل‘ کے نشان پر کلک کر کے اپنی پسندیدگی کا اظہار کر سکتا ہے اور کمنٹ سیکشن میں تبصرہ بھی کر سکتا ہے۔ اِسی طرح عام سوشل ایپلی کیشنز کی طرح اِس میں بھی ’فالو‘ کا آپشن موجود ہے، آپ کے جتنے زیادہ فالوورز ہوں گے اُتنی ہی جلدی آپ کی بنائی گئی ویڈیوز وائرل ہو گی۔ لیکن دیگر تمام سوشل ایپلی کیشنز کی طرح ’ٹک ٹاک‘ کے حوالے سے بھی یہ سوال اُٹھایا جاتا ہے کہ یہ بچوں کے لیے موزوں اور محفوظ ہے یا نہیں؟ اِس سوال کا جواب جاننے سے قبل آپ کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ ’ٹک ٹاک‘ نامی یہ ایپلی کیشن فحاشی، نوجوان لڑکیوں کے نیم برہنہ ڈانس اور غیر اخلاقی زبان وغیرہ کی وجہ سے دنیا بھر میں بدنام ہے۔ تاہم اب پاکستان میں بھی لاہور کے ایک وکیل نے ہائی کورٹ میں مذکورہ ایپلی کیشن پر پابندی عائد کر دینے کی درخواست دائر کی ہے۔ وکیل کے مطابق یہ ایپلی کیشن نوجوانوں میں فحاشی پھیلانے کا سبب بن رہی ہے۔  خیال رہے کہ ’ٹک ٹاک‘ پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کی وجہ سے سکول میں پڑھنے والی ایک نوجوان لڑکی نے خودکشی کر لی تھی۔ مذکورہ ویڈیو میں لڑکی کو ڈانس کرتا دیکھا جا سکتا ہے، یہ ویڈیو خودکشی کرنے والی لڑکی کی دوست نے بغیر اجازت عکس بند کر کے ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کر دی تھی۔ اب آتے ہیں اپنے موضوع کی جانب کہ کیا یہ ایپلی کیشن بچوں کے لیے موضوع ہے، اور کیا اِس میں ایسا آپشن موجود ہے جس کے ذریعے اِسے بچوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے؟ ایپلی کیشن کے حوالے سے اوپر دی گئی تفصیل سے پہلے سوال کا جواب تو آپ کو مل گیا ہو گا کہ یہ ایپلی کیشن بچوں کے لیے موزوں نہیں۔ لیکن اگر آپ کے بچے اِس ایپلی کیشن کا استعمال کرنے کے لیے ضد کر رہے ہیں تو ’Parental Control‘ آپشن کا استعمال کر کے آپ بچوں کی نگرانی کر سکتے ہیں اور اِس بات کویقینی بنا سکتے ہیں کہ بچے غیر اخلاقی مواد سے محفوظ رہیں۔ ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بناتے وقت یہ پہلے سے طے کر لیا جاتا ہے کہ اکاؤنٹ کو ’پبلک‘ پر سیٹ کرنا ہے یا ’نجی ‘ پر۔ اگر آپ پہلے والا آپشن استعمال کرتے ہیں تو آپ کی اپ لوڈ کردہ تمام ویڈیو ٹک ٹاک پرموجود تمام صارفین دیکھ سکتے ہیں، لیکن دوسرے آپشن کے استعمال سے صرف آپ ہی اپنی ویڈیو دیکھ سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں ’Parental Control‘ آپشن کے ذریعے آپ یہ بھی طے کر سکتے ہیں کہ آپ کے بچوں کی پوسٹ پر کون تبصرہ کر سکتا ہے اور اُنہیں کون پیغام بھیج سکتا ہے وغیرہ۔ یہی نہیں بلکہ آپ تبصرے کو بھی فلٹر کرسکتے ہیں۔ یعنی اگر کوئی شخص بچے کی ویڈیو پر غیر اخلاقی تبصرہ کرتا ہے تو وہ خود بہ خود حذف ہو جائے گا۔ یوں بچہ کسی کی غیر اخلاقی حرکت سے محفوظ رہے گا۔ آپ کے بچے کن صارفین کی ویڈیو دیکھ سکتے ہیں اور اِن تک کن کی رسائی ممکن ہے کو محدود کرنے کے علاوہ ۔ ڈیجیٹل ویل بینگ کیٹیگری میں ایک آپشن ایسا بھی موجود ہے جو ٹِک ٹاک کو استعمال کرنے کے لئے 1 گھنٹے کا ٹائم بلاک مہیا کرتا ہے۔ اس وقت کے گزرنے کے بعد ، آپ کا بچہ آپ کے پاس موجود کوڈ کو داخل کیے بغیر ایپ تک رسائی حاصل نہیں کرسکتا ہے۔ٹک ٹوک 13 یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں کے لئے محفوظ مقام ثابت ہوسکتا ہے ، لیکن والدین کو آن لائن حفاظت اور بہترین طریق کار پر تبادلہ خیال کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ یہ بات والدین پر منحصر ہے کہ وہ بچوں سے مناسب مواد کے بارے میں بات کریں۔