اسلام آباد،ڈیرہ غازیخان، ملتان (خبر نگار ،خبر نگار خصوصی، 92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے ملک میں بڑھتی مہنگائی،بیروزگاری اور لاقانونیت کیخلاف ڈیرہ غازی خان ریلوے روڈپر پاور شو کیا گیا ۔ جلسہ گاہ آمد پر مولانا فضل الرحمان اور میاں شہباز شریف کا بھر پور استقبال کیا گیا۔ جلسے میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سربراہ پی ڈی ایم مولانافضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا میری جنگ یہ ہے اگر حکومت ہو گی تو آپ کے ووٹ کی بنیاد پر ہو گی، اگر حکمران مسلط کیے جائیں گے اور ووٹ چوری ہونگے تو بغاوت کیلئے سب سے پہلے ہم نکلیں گے ، 25 جولائی 2018 جمہوری اورپارلیمانی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا،پہلے وہ ناجائزتھے اب وہ نالائق بھی ثابت ہوئے ، نااہل حکمرانوں نے ملک کادیوالیہ کردیا،آج ہماراحکمران کہیں جاتاہے تو بھکاری کی طرح کھڑا ہوتا ہے ، حکمرانوں کوشرم نہیں آتی،ہماری آنکھیں شرم سے جھک جاتی ہیں،نوکریاں تو ملی نہیں لاکھوں لوگوں کو بیروزگار کر دیا گیا،ملک کانظام نیب کے ذریعے چلایا جا رہا ہے ،نیب ایک آمرکادیاہوافلسفہ ہے ،عمران خان تم نے کشمیر بیچ دیا،آج کشمیریوں کاخون ہورہا ہے ،پاکستان کی طرف سے کوئی آوازنہیں اٹھ رہی، پورایشیامعاشی لحاظ سے ترقی کررہاہے ،پاکستان کیساتھ کوئی کاروبار کرنے کو تیار نہیں ۔ہم آپ کوپاکستان کیلئے ناسورسمجھتے ہیں،ہمیں اس ملک کوبچاناہے ،پاکستان کے حالات ٹھیک کرناہم سب کیلئے چیلنج ہے ،معیشت مضبوط ہو گی توخارجہ پالیسی بھی مضبوط ہو گی۔صدرمسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہا مہنگائی اور غربت نے عوام کی کمر توڑ دی ،عوام کاسمندرگواہی دے رہاعمران نیازی کاوقت پوری ہوچکا، ساڑھے 3 سال میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو چکا،پی ٹی آئی حکومت نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا،ٹرانسپرنسی کہہ رہی پی ٹی آئی حکومت کے دورمیں پاکستان کی کرپشن سب سے زیادہ بڑھ چکی،کون کہتا تھا کرپشن بڑھ جائے تووزیراعظم چورہوتاہے ،یہ دن رات جھوٹ بولتے ہیں دنیامیں مہنگائی ہوگئی،عوام تباہ ہوگئے مگر اس وزیراعظم کوذراخیال نہیں،اتنابے حس ہے ایٹمی پاکستان کوآئی ایم ایف کے حوالے کردیا،کنگال کردیا،اچھا وقت آنیوالاہے ،آج میں آپ کوگواہ بناکریہ بات کہناچاہتاہوں اگراللہ تعالی کومنظورہواتوجنوبی پنجاب کوسنٹرل اورشمالی پنجاب سے بہترنہ کردوں تومیرانام شہبازشریف نہیں ۔ میں بتانے آیاہوں اٹھواور فضل الرحمان کی قیادت میں گھروں سے مہنگائی کیخلاف نکلو،اس ظالم حکومت کے خاتمے کیلئے باہرآئو،میں وعدہ کرتاہوں اللہ کومنظورہواتو ملکر مہنگائی اورظالم حکومت کیخلاف مارچ کریں گے ،جبتک اس حکومت کوبھگانہیں دینگے چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔پھروہی پراناوقت واپس لائینگے جب دوائیاں مفت ملتی تھیں،مہنگائی کم تھی،بیوہ و یتیم سسک کرجان نہیں دیتے تھے ۔جے یوآئی(ف)کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلی سینیٹر حافظ عبدالکریم،جمعیت علماء پاکستان کے جنرل سیکرٹری اویس احمد نورانی اور دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے عمران خان مہنگائی خان اور تباہی خان ہے ۔ایماندار کہہ کر مسلط کیا گیا، اس نے ملک کو تباہ کردیا، اس ملک میں جعلی الیکشن کے ذریعے ٹولہ مسلط کیا گیا ۔دریں اثناء پی ڈی ایم کی کال پر گزشتہ روز بھی اسلام آباد،چونیاں،جیکب آباد، ٹھٹھہ، ٹنڈومحمدخان، مٹیاری اور دیگر شہروں میں مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔شہریوں کی بڑی تعدادنے احتجاج میں شرکت کی،مظاہرین حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔ اسلام آباد میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما طارق فضل چودھری نے کہاعوام مہنگائی سے تنگ آ چکے ،ملک میں کرپشن میں اضافہ ہوا،وزرااپنے بیانات سے عوام کے زخموں پرنمک چھڑک رہے ہیں۔دیگر شہروں میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا اس نالائق حکومت کو گھر بھیج کر سکھ کا سانس لیں گے ، اب شفاف انتخابات ہی مسائل کاحل ہے ۔