دبئی (سپورٹس ڈیسک) عجمان اوول کرکٹ گراؤنڈ عجمان میں کھیلے گئے تیسرے انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے انگلینڈ کو76رنز سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم کو 6میچوں کی سیریز میں 3-0سے برتری حاصل ہوگئی۔ تیسرے ٹی ٹونٹی میں انگلینڈ کے کپتان ایڈہوسیل نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ۔پاکستان کے اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں نثار اور محمد اکرم نے 214رنز بنائے ۔ نثار نے 68گیندوں پر 84رنز بنائے جبکہ محمد اکرم نے 65گیندوں پر 12چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست105رنز قومی ٹیم کے کھاتے میں جوڑ دیئے قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے مقررہ20اوورز میں دو وکٹوں پر 227رنز کا مجموعہ تشکیل دیا ۔مہمان ٹیم انگلینڈ کیلئے 228رنز کا ہدف پہاڑ ثابت ہوا اور انگلینڈ کی ٹیم 20اوورز میں 151رنز بناسکی۔ قومی ٹیم کے ساجد نواز اور فخر عباس نے 2،2وکٹیں حاصل کیں ۔میچ کے اختتام پر رمادا ہوٹل عجمان کے جنرل منیجر افتخار ہمدانی نے محمد اکرم کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا ۔