کراچی(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کیلئے اپوزیشن چیلنج ہے نہ کوئی سازش کامیاب ہوگی۔ ن لیگ کو فوج کے خلاف زبان درازی کی قیمت ادا کرنا پڑے گی، جس دن نواز شریف پاکستان آنا چاہیں گے ، 24 گھنٹے میں سفری دستاویز جاری کریں گے ، زرداری تاش کھیل رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن سے کہا تھا بچوں کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں، جہانگیر ترین کا مسئلہ حساس ہے ، انہیں انصاف ملے گا، نیب، ایف آئی اے اور دیگر ادارے اچھا کام کررہے ہیں۔ جمعہ کو ایف آئی اے آفس کے دورے پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایف آئی اے میں سالوں سے براجمان ہیں، آئندہ 15 روز میں تبدیل کریں گے ، ای پاسپورٹ جون سے پہلے شروع ہوجائیں گے ، معیشت درست سمت میں گامزن ہے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان نہ صرف مدت پوری بلکہ آئندہ انتخابات میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ، پی ڈی ایم ختم ہوچکی، زیادہ نقصان فضل الرحمن کو ہوا، عمران خان کیلئے مہنگائی چیلنج ہے ، وہ مہنگائی کنٹرول کرلیں گے ۔وفاقی وزیر داخلہ نے سندھ رینجرز کی 28 ویں پاسنگ آئوٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،اس موقع پرانہوں نے رینجرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات تقسیم کئے ، جوانوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مسلح افواج سلامتی کی ضامن ہیں، اس میں شمولیت قابل فخر ہے ، سندھ رینجرز کا کراچی میں امن، ترقی اور کرکٹ کی بحالی میں کردار نمایاں ہے ۔