لاہور(وقائع نگار،92 نیوزرپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کیس پر بلاامتیاز قانونی کارروائی اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کرینگے ،قانون ہاتھ میں لینے والے شر پسند عناصر سے رعایت نہیں ہوگی۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا اجلاس ہواجس میں پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کیس پر ہونیوالی پیشرفت اور ہسپتال کو فنکشنل کرنے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کاجائزہ لیا گیا جبکہ ہسپتالوں، ڈاکٹروں اور عملے کے تحفظ کیلئے قانون سازی کرنیکا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہیلتھ پروفیشنلز سکیورٹی بل کو کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے اور قانون سازی سے متعلقہ امور کو جلد نمٹایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ کسی کو بھی ہسپتالوں میں ڈاکٹروں، عملے یا مریضوں پر تشدد کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کو رات تک فنکشنل کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ ایمرجنسی کی بندش سے دل کے مریضوں کو مشکلات کا سامناہے ۔ایمرجنسی کو جلد کھولنا پہلی ترجیح ہے ۔ ہنگامہ آرائی کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی جاری ہے ،غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہر شخص کیخلاف قانون حرکت میں آئیگا۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ پی آئی سی کی بحالی کیلئے دن رات کام ہو رہاہے جبکہ جاں بحق مریضوں کے لواحقین میں مالی امداد اور متاثرہ گاڑیوں کے مالکان کو معاوضہ کے چیک دیدئیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ کو کیس پر پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں صوبائی وزرا راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، فیاض الحسن چوہان،محمد ہاشم ڈوگر، تیمور بھٹی،عنصر مجید ، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈووکیٹ جنرل اور دیگر حکام نے شرکت کی ۔ علاوہ ازیں 92نیوزسے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی آئی سی کی 100فیصدبحالی کی جاچکی۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی روزانہ کی بنیادپرمیٹنگ ہوتی ہے ،اس میں ہم فیصلے کرتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مہنگائی کم کرنے کیلئے پوری کوشش کررہے ہیں،کافی حد تک چیزیں کنٹرول ہوگئی ہیں،اچھی خبریں آرہی ہیں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے 16دسمبر سے 20دسمبر تک چلائی جانیوالی خصوصی انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے اور مانیٹرنگ کیلئے صوبائی وزرا کو ڈویژن کی سطح پرذمہ داریاں تفویض کر دیں جبکہ اپیل کی کہ والدین اپنے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلائیں۔ پولیو جیسے موذی مرض کا مکمل خاتمہ ایک قومی ذمہ داری ہے اورہم نے ملکر پولیو کاخاتمہ کرنا ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے سابق ڈی جی پی آر امجد حسین بھٹی کی والدہ کے انتقال اور قلعہ سیف اﷲ ٹریفک حادثہ میں ہلاکتوں پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔