پشاور(این این آئی)کیلاش میں شروع ہونے والے چاوموس فیسٹیول جاری ہے ، 7 دسمبر سے 22 دسمبر تک جاری رہنے والے فیسٹول میں مختلف تہوار مکمل ہو گئے ، گزشتہ روز منڈاہیک اور شارا بیرایک کی رسم ادا کردی گئی،شارابیرایک تہوار میں کیلاشی اپنے گھروں میں آٹے سے مختلف اشیاء جس میں مارخور، چرواہے ، گائے ، اپنے بزرگوں کی نشانیاں اور دیگر مختلف چیزیں بناتے ہیں جس کو آگ میں پکانے کے بعد دھوپ میں رکھا جاتا ہے اور تیار ہوجانے کے بعد اس کو اپنے ہمسایوں میں تحفہ کے طور پر تقسیم کرتے ہیں ، اس دوران یہ اپنے رسمی گانے ، نغمے گنگنا کر خوشی کا اظہار کرتے ہیں ، منڈاہیک تہوار میں کیلاشی قبیلے کے افراد ہاتھوں میں پائن درخت کی لکڑی میں آگ جلا کر پانچ منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہیں جو ان کے وفات پا جانے والے عزیزو اقارب کی یاد میں ہوتی ہیں ، ان کے مطابق یہ روشنی قبرستان میں نہیں کرتے جبکہ کمیونٹی ہال میں کرتے ہیں ، یہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ان کے وفات پا جانے والے رشتہ داراس روز ان کے خاندان اوران سے ملنے آتے ہیں ، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے سینئر صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان کی ہدایت پر کیلاش میں شروع ہونے والے چاوموس فیسٹیول کیلئے شہر کو چراغاں کرنے ،مختلف مقامات ، گلیوں ، چوراہوں، کمیونٹی سنٹر اور دیگر مقامات پر لائٹس کا انتظام کیا ہے ، ٹورازم انفارمیشن سنٹر چترال میں باقاعدہ طور پر انفارمیشن ڈیسک کے ذریعے تمام سیاحوں کو ہر قسم کی سہولیات اور معلومات فراہم کی جا رہی ہیں ۔