کراچی ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی تبدیلی نظر آئے گی،سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے نوٹس کا جواب دیدیا ہے ، سرفراز احمد ہی ورلڈ کپ تک کپتان رہیں گے ، احتساب کا عمل پہلے خود سے شروع کرونگا، پاک بھارت کرکٹ کے حوالے سے باچیت چل رہی ہے لیکن انڈیا کے جنرل الیکشن سے پہلے اس پر کچھ نہیں کہہ سکتے ، دنیا کے کسی بھی ممالک سے کرکٹ کھیلنے کے لئے ان ممالک سے خوشامدی نہیں کریں گے ،ڈومیسٹک کرکٹ پر کام ہورہا ہے کسی کرکٹرز کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بڑا کام ہورہا ہے مستقبل میں یہاں زیادہ کرکٹ میچز دیکھنے کو ملیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین بننے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے دورہ کراچی میں میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ساتھ سبحان احمد ،مدثر نذر ودیگر بھی موجود تھے ۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ مجھے عہدے کا چارج لئے ہوئے تقریبا دوماہ کاعرصہ ہوا ہے ، جہاں تک تبدیلی کی باتیں ہورہی ہیں ،نجم سیٹھی کے جانے کے بعد ان کے لگائے گئے دو افراد کو فارغ کردیا گیا ہے ، احتساب کی عمل پہلے میں خود سے شروع کرونگا۔قومی کپتان سرفراز احمد کی کپتانی سے متعلق کئے گئے سوال کے جواب میں احسان مانی نے کہا کہ ورلڈ کپ تک سرفراز احمد ہی کپتان رہیں گے ، ان کی کپتانی کے حوالے سے میڈیا نے تنازعہ کھڑا کیا ،، ان کی کپتانی میں قومی ٹیم نے تینوں فارمیٹ میں اچھا پرفارم کیا ہے ،پاک بھارت کرکٹ کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہمارا انڈین کرکٹ بورڈ سے بھی رابطہ ہے ،لیکن ان کے ملک میں آئند ہ سال جنرل الیکشن ہورہے ہیں ،اس لئے الیکشن کے بعد کوئی صورتحال واضح ہوگی، اس کے ساتھ دنیا کے تمام ممالک سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے حوالے سے بات چیت ہورہی ہے ،لیکن کسی بھی ملک سے پاکستان میں کھیلنے کے لئے ان کی خوشامد نہیں کریں گے ۔پی سی بی میں سیاسی مداخلت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں حکومت کی طرف سے سیاسی عمل دخل بہت تھا، میری کوشش ہوگی کہ کرکٹ بورڈ میں سیاسی مداخلت کو ختم کیا جائے اور حکومت کا عمل دخل صرف حفاظتی طور پر اس کا عمل دخل ضروری ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بڑا کام ہورہاہے پی ایس ایل فور کا فائنل میں کراچی میں ہونا ہے ، آئندہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کی کوشش کریں گے ، باہر کے پلیئرز کے یہاں آکر کھیلنے سے دیگر کھلاڑیوں کو سپورٹ ملتی ہے ، نامور کھلاڑی پاکستان آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کے لئے ایک رول ماڈل ہے اس شہر نے پاکستان کو نامور کرکٹرز پید ا کرکے دیئے ہیں، ملک کے تمام سینٹر کا کراچی سے کوئی مقابلہ نہیں،این ایس کے میں بہت کام ہورہا ہے ۔ اس کے کام کو دیکھنے آیا ہوں امید ہے پی ایس ایل سے قبل تعمیراتی کام مکمل ہوجائے گا۔کراچی میں دسمبر میں اے سی سی ایمرجنگ ایونٹ کے میچز بھی یہاں ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ ہارون رشید اچھا کام کررہے ہیں میں اس کی مکمل سپورٹ کرتا ہوں،ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے تمام اسٹک ہولڈر کی مشاروت سے کام کریں گے کسی بھی کرکٹرز کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا۔ تاہم ملک میں آٹھ اسٹیڈیم جس کو پی سی بی چلارہی ہے اس پر کام کرنا ہوگا، ریجن اور ایسوسی ایشن کو پاورفل بنانا ہوگا، دنیا کو کوئی بورڈ اتنی بڑی تعداد میں سٹیڈیم کو نہیں چلارہا ہے ہمیں بھی اس پر نظرثانی کرنا ہوگی، ۔ایک سوال کے جواب میں احسان مانی نے کہا کہ جو میں فیصلے کرونگا اس پر قائم رہوں گا، یوٹرن نہیں ہونگا،کرکٹ اب پروفیشنل ہوچکی ہے جب کرکٹ پروفیشنل ہے تو مینجمنٹ کو بھی پروفیشنل انداز میں چلانے کے لئے قابل لوگ رکھنے ہونگے اور جو مارکیٹ ریٹ ہونگے اس کے مطابق ان کی تنخواہ ہوگی۔