کیلیفورنیا ،واشنگٹن (اے پی پی،بیورورپورٹ ) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں گزشتہ 6 روز سے لگی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا، آگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 44 ہو گئی ہے جبکہ 2 لاکھ 50 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ادھر کیلیفورنیا کے ایک پاکستانی رہائشی عبدالجبار نے " 92 نیوز " کو بتایا کہ حکام ہر چیز چھپا رہے ہیں ۔سپر پاور کی ایک بڑی ریاست ایک ہفتے سے جل رہی ہے اور ابھی تک آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ایک اور پاکستانی عمر آفتاب جو گزشتہ بیس سالوں سے اپنی فیملی کے ساتھ کیلیفورنیا میں مقیم ہیں ا ن کا کہنا تھا کہ تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ بڑھتی جا رہی ہے نفسا نفسی کی حالت ہے ۔ امجد علی نے ٹیلی فون پر بتایا کہ ابھی تک کوئی ایسی اطلاع نہیں ہے کہ کسی پاکستانی امریکن کو نقصان پہنچا ہو ۔ پاکستانی امریکن کانگریس کے سابق صدر ڈاکٹر اشرف عباسی کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا میں مقیم تمام پاکستانی محفوظ ہیں اور وہ گزشتہ چھ دنوں سے مختلف تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہیں ۔