لاہور، رائے ونڈ ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ، نامہ نگار ) لاہور لائن سفاری پارک 20دنوں کیلئے بند کر دیا گیا،غفلت برتنے پر دو سپروائزرز سمیت آٹھ گارڈ معطل کر دئیے گئے ، رائے ونڈ کے لاہور سفاری پارک میں گزشتہ روز شیروں نے 18سالہ نوجوان بلال کو چیر پھاڑ کر کھالیاتھا، صوبائی وزیر وائلڈلائف ملک اسد علی کھوکھر نے سفاری پارک کا دورہ کیا ، انہوں نے فوری طور پر لائن سفاری پارک ایریا کو 20دنوں کیلئے بند اور 8 سکیورٹی گارڈز کو معطل کردیا، انہوں نے لائن سفاری کے ایریا میں لوہے کے جنگلوں کے قریب جتنے بھی درخت ہیں ان کو فوری کاٹنے کے احکامات بھی جاری کردیئے ، انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بہت جلد سفاری پارک میں سی سی ٹی وی کیمرے لگادیئے جائیں گے تاکہ مکمل نظر رکھی جا سکے ، ڈی جی اور دیگر عملہ تحقیقات کررہا ہے ، 24گھنٹوں میں رپورٹ مل جائے گی ، ذمہ داران کو ضرور سزا ملے گی، افسوس کی بات ہے تین دن تک کسی کو معلوم ہی نہیں ہوا شیروں نے ایک انسان کو کھا لیا مگر ایک بات سی سی ٹی وی فوٹیج سے واضح ہو گئی کہ نوجوان رات کی تاریکی میں خود جنگلا پھلانگ کر لائن سفاری میں داخل ہوا ، اسے کسی نے قتل کرکے نہیں پھینکا، ملک اسد کھوکھر جاں بحق ہونے والے بچے کے والدین سے اظہار افسوس کیلئے ان کے گھر پہنچے ۔ ملک اسد علی کھوکھر نے لواحقین کے لیے 2 سرکاری ملازمتوں کا بھی اعلان کیا ۔