اوٹاوا( ویب ڈیسک) کینیڈا میں کئے گئے ایک طویل سروے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ اگر گھر کے فرش کو بار بار کیمیکل اور دیگر خوشبودار مائعات سے صاف کیا جائے تو اس سے فرش پر کھیلنے والے بچے دمے کے مریض بن سکتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچے کی زندگی کے ابتدائی تین برسوں میں اس کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے کیونکہ اس دوران ان کے پھیپھڑے اور نظامِ تنفس تشکیل پارہاہوتا ہے ۔ اس لیے والدین کے لیے مشورہ ہے کہ وہ اپنے گھر کے فرش صاف رکھنے کے لیے فینائل اور دیگر جراثیم کش ادویہ کا پونچھا لگانے میں احتیاط کریں ۔ سائمن فریزر یونیورسٹی سے وابستہ سائنسداں ٹِم ٹکارو نے کہا ہے کہ اس سے قبل ثابت ہوچکا ہے کہ کیمیکل سے فرش کی صفائی اور بڑی عمر کے افراد میں دمے کے درمیان تعلق ہے ۔ ایسے لوگ زیادہ متاثر ہوتے ہیں جو اپنا 80 سے 90 فیصد وقت کیمیکل سے بھرے ماحول میں گزارتے ہیں۔ اس سے وہ لوگ زیادہ متاثر ہوتے ہیں جن کے پھیپھڑوں اور جلد میں کیمیکل سرایت کرجاتے ہیں۔