لاہور( نیٹ نیوز) معروف اداکارہ اور بشریٰ انصاری کی بہن اسما عباس کا شمار کینسر جیسے موذی مرض کو شکست دینے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی شخصیات میں کیا جاتا ہے ۔اسما عباس اپنے ایک انٹرویو کے دوران کینسر کی تشخیص اور اس دوران شوٹنگ جاری رکھنے سے متعلق بھی گفتگو کر چکی ہیں۔اداکارہ اسماء عباس کا کہنا تھا کہ طبیعت کی ناسازی اور خون جاری ہونے سے متعلق جب میں نے ایک دوست اور ڈاکٹر سے شیئر کیا تو انھوں نے مجھے فوری طور پر ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا۔اسماء عباس کے مطابق ٹیسٹ ہونے کے بعد رپورٹس آنے میں 10 دن باقی تھے تو میں نے سوچا کیوں نہ اس دوران شوٹنگ پر ہی چلی جاؤں ،بعد ازاں میں کراچی شوٹنگ کے لیے آگئی اور یہیں مجھے ٹیسٹ کے نتائج معلوم ہوئے کہ میں کینسر میں مبتلا ہوں،جس کے بعد میں لاہور گئی جہاں کینسر کی سٹیج اور بیماری کی جانچ پڑتال کے حوالے سے مزید ٹیسٹ کیے گئے ۔اسماء عباس کے مطابق مزید ٹیسٹ کے نتائج کے لیے بھی 10 دن کا عرصہ درکار تھا لہٰذا میں جن پراجیکٹس پر کام کر رہی تھی ان سے رابطہ کیا اور کہا کہ نہیں معلوم حالات آگے کیا ہوں آپ اپنی شوٹنگ مکمل کر لیں۔خیال رہے کہ اداکارہ کو چند سال قبل کینسر کی تشخیص ہوئی تھی لیکن اداکارہ نے اس موذی مرض کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے ایک طرف سکرین پر اپنا کام جاری رکھا اور دوسری جانب اس موذی مرض کو شکست دی۔