اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشن ردالفساد کے 3 سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف دو دہائیوں تک لڑی جانے والی جنگ کے نتائج خطے میں امن کی صورت میں ظاہر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا پاک فوج ملک کو درپیش تمام خطرات سے آگاہ اور ان سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ، پاکستان اور خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی فضا تقویت پا رہی ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے ٹویٹ کے مطابق آپریشن ردالفساد کو تین سال مکمل ہو گئے ہیں۔ 22 فروری 2017ء کو ملک بھر میں آپریشن ردالفساد شروع کیا گیا، جس کا مقصد ماضی کے آپریشنز کے دوران ملنے والی کامیابیوں کو تقویت دینا اور بلا تفریق ہر قسم کی دہشت گردی کا خاتمہ کرنا تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے ، سرحدوں کے دفاع کے لئے آپریشن ردالفساد کے پائیدار نتائج سامنے آئے ، دہشت گردی سے سیاحت تک سکیورٹی فورسز کو قوم کی مکمل حمایت حاصل رہی تاہم ان کامیابیوں کی قیمت بھاری جانی اور مالی نقصان سے ادا کی گئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ہم اپنے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنا خون دے کر اس وطن کی آبیاری کی، ہمیں اپنے شہیدوں پر فخر ہے ، جس طرح انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں قوم نے بھرپور حمایت کی، وہ لائق تحسین ہے ، انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں قوم کو سلام پیش کرتے ہیں۔