اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی،صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک ) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پٹرول سمیت ہرسکینڈل کے ذمہ داران کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے ،نیب کو مالم جبہ،بی آرٹی،بلین ٹری سمیت سب مقدمات کی تحقیقات کرنی چاہیئں، جس کونیب کے بارے میں خدشات ہیں وہ پٹیشن دائرکردے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کیخلاف ریفرنس میں تمام آئینی اورقانونی تقاضے پورے کئے ۔ دریں اثنا ایوان صدر میں عارف علوی کے زیر صدارت اجلاس میں کورونا وائرس کے دوران عیدالاضحیٰ پر طے شدہ ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ، وفاقی وزیرمذہبی امور نور الحق قادری، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز اور صدر کے سیکرٹری طارق نجیب نجمی نے شرکت کی۔ صدر نے عوام کو ہدایت کی کہ آئندہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر اجتماعی قربانی کے ذریعے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں مدد کریں، انہوں نے ہدایت کی کہ علماء اور صوبائی حکومتوں سمیت تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لے کر عوام میں سماجی فاصلہ کی پالیسی پر عملدرآمد کے بارے میں آگاہی اور اجتماعی قربانی کے اقدام کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ کورونا کے پھیلائو سے بچا جا سکے ۔ دریں اثناصدر عارف علوی کی زیر صدارت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے حوالے سے اجلاس ہوا، صدرمملکت کو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیا القیوم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں 14 لاکھ طلبا زیر تعلیم ہیں۔