نئی دہلی(کے پی آئی) بھارتی دارلحکومت نئی دہلی میں 5 مساجد انتہا پسند مودی حکومت کے ریڈار پر آگئیں۔ بھارتی حکومت نے 20ہزار کروڑ کی لاگت سے بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت ، ایک مشترکہ مرکزی سیکرٹریٹ اور وزیر اعظم ہاؤس سے انڈیا گیٹ تک تین کلومیٹر لمبے کھلے علاقے کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے ۔ بھارتی حکومت کے اس منصوبے کی جگہ پر پانچ مسجدوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔ ان مساجد میں انڈیا گیٹ کے نزدیک واقعی ضابطہ گنج مسجد ، ادھیوگ بھون کے قریب سنہری باغ روڈ کے چوراہے پر سنہری مسجد، کرشی بھون کے اندر موجود مسجد ،اسی طرح نائب صدر کی رہائش گاہ کے اندر موجود مسجد اور ریڈ کراس روڈ پر پارلیمنٹ مسجد کے انہدام کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ دہلی ہائی کورٹ نے سینٹرل وسٹا پروجیکٹ کوایک "ضروری قومی منصوبہ" قرار دیا ہے اور تعمیراتی کام روکنے کی درخواست مسترد کر دی ہے ۔