اسلام آباد ،راولپنڈی ( سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک )چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا جہاں انہیں پیشہ ورانہ تیاریوں ،تربیتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی ۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق آرمی چیف کو پیشہ وارانہ تیاریوں ،تربیتی مراحل اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی ۔جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کراچی میں ترقیاتی منصوبوں اور صوبے کی داخلی سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج ، رینجرز کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی بریفنگ کا حصہ تھی۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ تازہ ترین علاقائی صورتحال میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف موثر تحفظ ناگزیرہے ۔ ہمیں خطرات کے خلاف مجموعی مربوط قومی ردعمل کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ا نہوں نے نے خطے میں ہائبر ڈ خطرات سے موثر طور پر نمٹنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ خطے کی تازہ صورتحال کی پیش نظر قومی رد عمل اپنانے کی ضرورت ہے ۔ آرمی چیف نے کراچی میں منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے سول انتظامیہ کی مدد پر کراچی کور کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے فوج، سندھ رینجرز دیگر سکیورٹی اداروں کے شہدا کے خاندانوں سے بھی ملاقات کی،ان کی فلاح وبہبود کے حوالے سے دریافت کیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کی بھلائی کے لیے ہر ممکن اقدام کریں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز سکول کراچی کا بھی دورہ کیا۔ سکول زندگی ٹرسٹ کی جانب سے قائم کیا گیا ہے ، آرمی چیف نے طالبات کو اعلیٰ معیار کی تعلیم اور جدید سہولیات کی فراہمی پر سکول انتظامیہ کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے اس موقع پر ملیحہ سے بھی ملاقات کی جو سکول میں طالبات کو شطرنج سکھاتی ہیں۔2018 میں آرمی چیف نے ملیحہ کیساتھ شطرنج کھیلی تھی جب وہ سکولوں کے طلبا و طالبات کے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی میں آئی تھی۔