لاہور (کرائم رپورٹر ) لاہور پولیس کے 43 ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئی کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے ۔ اس ضمن میں رینک لگانے کی تقریب ہوئی جس میں سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے ترقی پانے والے پولیس افسروں کو رینک لگائے ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد خان، سی ٹی او کیپٹن (ر) ملک لیاقت، ایس ایس پی ایڈمن اطہر وحید، ایس ایس پی ڈسپلن فیصل مختار، ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرار حسین اور ایس پی ڈولفن بلال ظفر بھی موجود تھے ۔ لاہور پولیس کی ڈیپارٹمنٹل پرموشن کمیٹی نے مختلف شعبوں میں تعینات ایک خاتون سمیت 43 ہیڈ کانسٹیبلز کی ترقی کی منظوری دی۔ سی سی پی او نے ترقی پانے والے پولیس افسروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ترقی ملنے کے ساتھ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ اے ایس آئی بننے والے افسر عوام اور محکمہ پولیس کی توقعات پر پورا اتریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ محکمہ پولیس کا ملازم ہونے اور اپنی ذات پر فخر کرنا چاہئے ۔ اے ایس آئی بننے والے عوام کی خدمت کی بنیادی ذمہ داری پر بھر پور توجہ دیں۔ بی اے ناصر نے کہا کہ پولیس کے کوڈ آف کنڈکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے محنت سے کام کریں گے تو مزید ترقی اور عزت بھی ملے گی۔ اے ایس آئی بننے کے بعد پولیس افسر تفتیش کا کام بھی کرتا ہے جو نہایت فرض شناسی اور ذمہ دارانہ طرزعمل کا متقاضی ہے ۔