اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں تحریک انصاف نے غلطیاں کیں اور ان کا خمیازہ بھگتا۔منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا خمیازہ بھگتنے کی بڑی وجہ غلط امیدواروں کا انتخاب تھا ۔انہوں نے کہا اب خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے اورپورے پاکستان میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی کی خود نگرانی کروں گا، تحریک انصاف مضبوط تر ہوکرسامنے آئے گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے وزارت خارجہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک میں قانون اورمیرٹ لاناہے ،سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا، سابق حکمرانوں کی ترجیح عوام نہیں، ڈالرز تھے ، ماضی میں عوامی مفادات کے خلاف خارجہ پالیسیاں بنائی گئیں، غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک کو نقصان ہوا،کسی کوقصوروارٹھہرانے کے بجائے درست فیصلے کرنے چاہئیں۔عمران خان نے کہا او آئی سی کامیاب کانفرنس پر مبارکباد پیش کرتاہوں، مختصر وقت میں وزرائے خارجہ کواکٹھا کرنا بڑی بات ہے ، ملک کاتشخص بہتر بنانے کی کوشش کریں گے ، اوآئی سی کانفرنس کرانے کاہمارامقصدپوراہوا۔انہوں نے کہا ایک وقت تھا پاکستان کاوزیراعظم امریکہ جاتاتو امریکی صدر استقبال کرتا، ہم نے پاکستان کا بہترین تشخص دیکھا، انسانی زندگی میں اونچ نیچ آتی ہے ، ماضی میں حکمرانوں کی ترجیح عوام نہیں، ڈالرز تھے ۔وزیراعظم نے کہا ہماری اپنی غلطیوں کی وجہ سے ملک نیچے جاتارہا، ہم نے خود کو استعمال ہونے دیا، امدادکے لئے ملکی ساکھ کو قربان کردیا، صرف پیسے کے لئے عوامی مفادکے خلاف پالیسی بنائی، دوسرے ملکوں کی ناراضی سے بچنے کیلئے ہم اپنے لوگوں کوقربان کر دیتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا ملک میں ماضی میں غلط فیصلے کے گئے جس کانقصان ہوا، ہمیں کسی کوقصوروار ٹھہرانے کے بجائے درست فیصلے کرنے چاہئیں، ملک میں قانون اورمیرٹ لاناہے ،سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا دنیا افغانستان کے حوالے سے ہمارے موقف کی تائید کررہی ہے ، افغانوں کی جلد از جلد امداد کی جائے ، اوآئی سی کانفرنس کامقصد دنیا کوبتاناتھا کہ ہم تنہا بوجھ نہیں اٹھا سکتے ۔انہوں نے کہا خود اعتمادی ختم ہونے پر قومیں زوال کا شکار ہوتی ہیں،اوورسیزپاکستانی انتہائی قابل اور ہرشعبے میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں،پاکستان 60 کی دہائی جیسا ملک بننے جارہا ہے ۔