پشاور(خبرنگار)خیبر پختونخوا کابینہ نے پشاور سے طورخم تک ٹرین اور سفاری بس شروع کرنے ،قبائلی اضلاع کی تمام مساجد کو سولرائز کرنے ،17ہزار تقرریوں،دو ہزار نوجوان کو سکل سنٹر میں تربیت ، دہشتگردی کی فنڈنگ روکنے کے لئے قانون سازی کرنے سمیت سوات ایکسپریس وے کے لئے سپلمینٹری گرانٹ کی منظوری دیدی ۔ قبائلی ضلع خیبر کے علاقہ لنڈی کوتل کے جرگہ ہال میں کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں تاریخی اجلاس ہے جس میں قبائلی اضلاع کے تمام مسائل پر بات ہوئی، سکولوں میں اساتذہ اور ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پوری کی جائے گی ۔ پہلے مرحلے میں سترہ ہزار بھرتیوں کی منظوری دی گئی ہے جو تمام اضلاع میں آبادی کے تناسب سے تقسیم کی جائیں گی جبکہ وزیراعلیٰ نے انتظامی محکموں کو ہدایت کی کہ نئے اضلاع میں آسامیوں کی تخلیق کیلئے ایس این ایز اور پی سی ونز تیار کریں اور منصوبوں کا عملی طور پر اجراء کریں ۔سابقہ فاٹا اورپاٹا پانچ سال کیلئے ٹیکس فری ہوں گے ۔ صوبائی وزیر خزانہ نے بتایا کہ ضلع خیبر ایک تاریخی ضلع تھا اس لئے یہاں اجلاس منعقد کیا گیا۔