بلوچستان اور خیبر پی کے میں تباہ کن بارشوں سے مکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 18افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ بلوچستان میں کم از کم 8افراد اور خیبر پی کے میں 10افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ شومئی قسمت سے حالیہ موسم سرما وقفے وقفے سے جاری رہنے والی ہلکی اور تیز بارشوں کے دوران خیبر پی کے اور بلوچستان کے 8اضلاعشدید طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ تاہم یہ امر خوش آئند ہے کہ فوج کی جانب سے بارش زدہ علاقوں میں کیے جانے والے ریسکیو آپریشن میں 1500سے زائد خاندانوں کو بچا لیا گیا ہے۔ جن لوگوں کو متاثرہ افراد کی علاقوں میں اشیائے خوردو نوش کی قلت کا سامنا ہے انہیں فوج کی طرف سے خوراک فراہم کی گئی ہے۔ موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظردونوں صوبوں کی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے اور بارشوں سے متاثرہ بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں اقدامات کئے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے جن لوگوں کے گھر تباہ ہوئے ہیں ان کو معاوضہ دیا جائے تاکہ وہ پھر سے اپنے گھروں کی تعمیر و مرمت کر کے ان میں آباد ہو سکیں۔ محکمہ موسمیات کو موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر اپنے حصے کا کردار ادا کرتے ہوئے قبل از وقت لوگوں کو خبردار کرنا چاہیے تاکہ جن علاقوں میں زیادہ بارش کا امکان ہے وہاں کے لوگ حفظ ماتقدم کے طور پر اپنی حفاظت کا بندوبست کر سکیں۔