پشاور (خصوصی رپورٹ) خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں یو ایف جی کے نقصانات پر قابو پانے کے لئے کمپنی نے 14 سیلز میٹر سٹیشنوں کے تحت اپنے قانونی نیٹ ورک کے لئے توسیع اور بحالی کا منصوبہ بنایا ہے جس میں کرک ، کوہاٹ اور ہنگوکے اضلاع کے دیہاتوں میں گیس نیٹ ورک بچھانا اور موجودہ نیٹ ورک کی بحالی کا کام شامل ہے ۔ مجموعی ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک 2677 کلومیٹر طویل ہوگا اور اس منصوبے کی کل لاگت 9 ارب روپے ہوگی۔ پہلے مرحلے میں کمپنی تقریبا 512 کلو میٹر طویل نیٹ ورک بچھائے گی جو ایس ایم ایس کے چوکارا، کرک ، شکردرہ اور ہنگو کے تحت 48 دیہاتوں کا احاطہ کرے گا اور جس سے متوقع طور پر 19000صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب اور وزیر مملکت شہریار آفریدی کی جانب سے آج رسمی افتتاح کے بعد منصوبے کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی کامیابی سے تکمیل سے بقیہ منصوبے کی تکمیل کا اندازہ لگایا جائے گا۔