لاہور (سٹاف رپورٹر) دیا مر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیمز پاکستان میں واٹر ، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کے لئے بہت اہم منصوبے ہیں اور اِن دونوں منصوبوں میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے لئے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں ۔چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ)نے یہ بات کویت ڈویلپمنٹ فنڈ اور اسلامی ترقیاتی بنک کے وفود سے واپڈا ہائوس میں ملاقات کے دوران کہی ۔ مذکورہ وفود واپڈا کے منصوبوں خصوصاً دیا مر بھاشا اور مہمند ڈیمز میں سرمایہ کاری کے احکامات کا جائزہ لینے کے لئے واپڈا ہائوس کے دوروزہ دورہ پر ہیں ۔ ملاقات کے دوران ممبر(فنانس) واپڈا ،ایڈوائزر (فنانس) اور جنرل منیجر ( فنانس ) پاور بھی موجود تھے ۔واپڈا کی مستحکم مالی پوزیشن کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے وفود کو بتایا کہ واپڈا نے 2018 ء میں نیلم جہلم ، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے اور گولن گول جیسے منصوبوں کو بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی معاونت سے مکمل کیا ہے ، اِن منصوبوں کی بدولت نیشنل گرڈ میں 2 ہزار 487میگاواٹ کم لاگت پن بجلی شامل ہوئی جس کی اِس سے پہلے نظیر نہیں ملتی ۔