لاہور(کرائم رپو رٹر) نواز شریف اور شہباز شریف کے کزن میاں اسلم بشیر کے گھر پر ان کے بھتیجوں نے فائرنگ کر دی جس سے ایک گارڈ زخمی ہو گیااورگیراج میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، ماڈل ٹاؤن پو لیس نے میا ں اسلم بشیر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے چچا میاں بشیر کے بیٹے میاں ادریس بشیر کے بیٹوں فرقان ادریس اور اس کے بھائی عمر ادریس نے رات 2بجے مبینہ طور پر شراب کے نشے میں دھت ہوکر اپنے چچا میاں اسلم بشیر کے گھر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں گھر کے باہر کھڑے سکیورٹی گارڈ کو بھی گولیاں لگیں اور گھر کے گیراج میں کھڑی قیمتی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔میاں اسلم بشیر کے مطابق ملزم مسلسل للکاررہے تھے کہ آج کسی کو نہیں چھوڑیں گے ، اہلخانہ نے 15 پر کال کی ،پولیس آنے پر ملزم فرار ہو گئے ۔ میاں اسلم بشیر کے مطابق انہوں نے تھانہ ماڈل ٹائون میں ایف آئی آردرج کرادی اور امید ہے کہ پولیس ملزموں کیخلاف جلد کارروائی عمل میں لائے گی۔یاد رہے کہ فرقان ادریس نوازشریف اور شہباز شریف کی بہن کوثر اور بہنوئی محمد یوسف کے داماد ہیں ۔اس حوالہ سے ما ڈل ٹاؤن پو لیس کا کہنا ہے کہ دو نوں پا رٹیا ں آ پس میں رشتہ دار ہیں اور انکے درمیان مشترکہ جا ئیداد کا تنا زع بھی چل رہا ہے ۔