لاہور،ملتان(کامرس رپورٹر،سٹاف رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش اور کم پریشر کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔سوئی گیس کی بندش کی وجہ سے گزشتہ روز بچوں کے لئے ناشتہ بنانا مشکل ہو گیا ،دوسری جانب لکڑی اور ایل پی جی پی بڑھتی قیمتوں نے بھی عوام کو پریشان کر دیا ہے جبکہ گیس لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کوئلہ بھی نایاب ہوگیا۔ 600 روپے من لکڑی ایک ہزار روپے من میں فروخت ہونے لگی۔ صارفین ایل پی جی کے استعمال کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ صورتحال سے فائدہ اٹھانے کے لئے ایل پی جی مافیا بھی متحرک ہو گئی، ایل پی جی کی قیمت 180روپے تک بڑھا دی۔ شہریوں کا کہنا ہے دن بھر گیس دستیاب نہ ہونے اور کم پریشر سے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے اور وہ بازاری کھانا کھانے پر مجبور ہیں۔ادھرملتان اندرون شہر اور دیگر علاقوں میں سوئی گیس کی کئی کئی گھنٹے بندش اورکم پریشر شہریوں کے لئے وبال جان بن چکا ، شہریوں نے گزشتہ روز خیر المعارف روڈ پر مرغا بن کر انوکھے انداز میں احتجاج اور غم و غصے کا اظہار کیا، ٹائر جلا کر سڑک بلاک اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ مظاہرین نے کہا سردی کی شدت بڑھتے ہی گیس غائب ہونے سے انہیں مہنگے داموں لکڑیاں اور ایل پی جی خریدنا پڑ رہی ہے ، گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو سوئی گیس دفاتر کا گھیراؤ کیا جائے گا۔