گجرات، سکھر،کوٹری (ڈسٹرکٹ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،بیورو رپورٹ، نامہ نگاران )گجرات میں پولیس مقابلہ کے دوران تین ڈاکو ہلاک جبکہ ایلیٹ فورس کا اہلکار شہید ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق پولیس مقابلہ تھانہ ڈنگہ کے گاؤں ڈھنڈالہ کے قریب ہوا، پولیس ڈاکوئوں کی موجودگی کی اطلاع پر تعاقب کررہی تھی کہ ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کا نوجوان ذوالفقار حیدر شہید ہوگیا اور جوابی کارروائی میں تین ڈاکو ہلاک ہو گئے ۔ایس ایچ او فراست چٹھہ کے مطابق شہید ہونے والے اہلکار کو چھاتی اور بازو پر فائر لگے ، تین ڈاکو فرار ہو گئے ۔شہید ہونیوالے جوان ذوالفقار حیدر بٹ کا تعلق چاندنی چوک جلالپورجٹاں سے ہے اور کچھ عرصہ بعد ذوالفقار بٹ کی شادی ہورہی تھی ۔ ادھر روہڑی میں حساس ادارے ،سی ٹی ڈی کا دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا، دو طرفہ فائرنگ میں 2 دہشت گرد مارے گئے ، کوٹری سے کالعدم تنظیم کا خطرناک دہشت گرد پکڑا گیا، سی ٹی ڈی حکام کے مطابق تھانہ پٹنی کی حدود میں کارروائی کی گئی ،جوابی فائرنگ میں 2 دہشت گرد زخمی ہوگئے اورر وہڑی ہسپتال میں دم توڑ گئے ۔ سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں سے بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، دہشت گردوں کی شناخت ولایت زیب اور شاہ محمود کے نام سے ہوئی، ادھر کوٹری خدا کی بستی میں سی ٹی ڈی اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خطرناک دہشت گرد عبد الرحمن ولد میاں صاحب زادہ سواتی کو پکڑا ہے ، ذرائع کے مطابق دہشت گرد سے 1 ہینڈ گرینیڈ، 1 پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ سی ٹی ڈی کی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ گرفتار دہشت گرد نے ابتدائی تفتیش میں 2016 میں پختونخوا میں ایف سی، پولیس اہلکاروں سمیت دیگر شخصیات کو قتل کرنے ، بم دھماکوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ۔ادھر میرپور ماتھیلو میں پولیس نے مختلف مقامات پر آپریشن کر کے 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔