ہانگ کانگ سٹی( نیٹ نیوز)چین کے نیم خودمختار علاقے ہانگ کانگ میں جمہوریت پسند مظاہرین نے بیجنگ کے تیانمن سکوائر پر تحریکِ جمہوریت کچلنے کی اکتیسویں برسی پر جلوس نکالنے پر عائد پابندی کو توڑنے کے ساتھ ساتھ پولیس کی قائم کردہ رکاوٹوں کو بھی روند ڈالا،مظاہرین نے شمعیں روشن کیں۔ ہانگ کانگ کی انتظامیہ نے پہلی مرتبہ تیانمن سکوائر کی یادگاری دعائیہ تقریب کے انعقاد پر پابندی عائد کی تھی، یہ پابندی ہانگ کانگ کے لئے نئے سکیورٹی قانون کی منظوری کے بعد نافذ کی گئی۔ہر سال ہانگ کانگ کے سرگرم جمہوریت نواز کارکن دارالحکومت بیجنگ کے معروف مقام تیانمن سکوائر پر تحریک میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں دعائیہ تقریب وکٹوریہ پارک میں شمعیں روشن کر کے مناتے ہیں۔ رواں برس بھی اس کے اہتمام کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ہانگ کانگ کی انتظامیہ نے پابندی کا نفاذ کر دیا تھا۔تیانمن سکوائر کے علاقے میں جمع ہزاروں پرجوش طلبا کی جمہوریت نواز تحریک کو چار جون 1989 کے روز چینی حکومت نے مارشل لاء کا نفاذ کر کے پوری قوت سے کچل دیا تھا۔