ساہیوال(مانیٹرنگ ڈیسک)ساہیوال واقعہ کے عینی شاہد ین نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گاڑی سے کوئی اسلحہ برآمد ہوتے ہوئے نہیں دیکھا، ایک عینی شاہد نے بتایا کہ گاڑی میں سوار ایک خاتون کی عمر 40 سال کے قریب لگ رہی تھی جبکہ دوسری بچی کی عمر 12 سے 13 سال تک تھی جبکہ دو مرد بھی تھے ، پولیس والوں نے گولی چلائی اور وہ مر گئے جس کے بعد گاڑی سے تین بچے نکالے گئے جو زخمی حالت میں تھے اور پولیس والے اپنے ساتھ لے گئے ۔ایک اور عینی شاہد کے مطابق گاڑی لاہور کی طرف سے آ رہی تھی جس کے پیچھے ایلیٹ فورس کی ایک گاڑی آئی اور فائرنگ شروع کر دی ۔ گاڑی میں سوار افراد نے کسی قسم کی کوئی مزاحمت کی اور نہ کوئی فائرنگ کی ، تمام فائرنگ ایلیٹ فورس کی جانب سے ہی کی گئی۔ پولیس والوں نے گاڑی سے لاشیں بھی نکالیں لیکن ہم نے کوئی اسلحہ برآمد ہوتے ہوئے نہیں دیکھا بلکہ گاڑی سے کپڑوں کا بیگ اور اس طرح کا گھریلو سامان ہی برآمد ہوا۔