ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی فصل میں فاسفورس کھاد کے استعمال کے لئے سفارشات جاری کر دیں - ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق گندم کے کاشتکار سفارش کردہ کھادوں کا استعمال اپنی زمین کی تجزیاتی رپورٹ کی روشنی میں کریں۔ کھادوں کی مقدار کا صحیح تعین کرنے میں زمین کی بنیادی زرخیزی ، زمین کا کلراٹھا پن دستیاب نہری یا ٹیوب ویل کے پانی کی مقدار وغیرہ اہم ہیں۔ ایسے کاشتکار جو گندم کی کاشت کے وقت فاسفورس کھاد کا سفارش کردہ مقدار میں استعمال نہیں کر سکے انہیں چاہئیے کہ اگر بوقت کاشت انہوں نے اپنی زمین میں ڈیرھ تا دو بوری یوریا فی ایکڑ کھاد ڈالی ہے تو ایک بوری مونو امونیم فاسفیٹ یا ڈیرھ بوری نائٹروفاس استعمال کریں۔ اگر بوقت بوائی ایک بوری یوریا فی ایکڑ یا اس سے کم استعمال کی گئی ہو تو ڈیرھ بوری مونو امونیم فاسفیٹ اور آدھی بوری یوریا استعمال کریں یا دو بوری نائٹروفاس استعمال کریں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ مونو امونیم فاسفیٹ، نائٹروفاس اور این پی کھادیں دوسری فاسفورسی کھادوں کی نسبت زیادہ حل پذیر ہوتی ہیں - اس لئے ان کھادوں کو پانی کے ڈرم میں گھول کر فرٹیگیشن کریں -